پشاور (صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونخوا تاریخ کے تاریک ترین دور سے گزر رہا ہے ، پختونوں کی منظم نسل کشی ہو رہی ہے۔ ڈی آئی خان میں چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں 12 افراد کی شہادت ریاستی ناکامی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے درازندہ امن میلہ چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پختونخوا مسلسل دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے ، ریاست تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست خیبر پختونخوا کے عوام کو امن دے یا اپنی ناکامی کا اعتراف کرے ؟۔ اگر واقعات بیرونی سازش بھی ہیں تو ان کو روکنا کس کی آئینی ذمہ داری ہے ؟ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ صوبائی و مرکزی حکومتیں پختونخوا سے مکمل طور پر لاتعلقی اختیار کرچکی ہیں۔ دونوں حکومتیں اپنے طور پر صرف اپنے آقاؤں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ان کو پختونخوا کے امن، دہشتگردی اور یہاں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ اب بھی اگر سنجیدگی اختیار نہیں کی گئی تو اس آگ کے شعلے بہت دور تک جائیں گے۔ حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے اپنی ذمے داری قبول کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پختونخوا کے عوام مزید لاشیں اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔















