نت نئی ایجادات نے انسان کو خدا کے الہامی پیغام سے دور کردیا‘راشد نسیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور معروف دینی اسکالر راشد نسیم نے کہا ہے کہ 20ویں صدی انسانیت کی علمی و مادی ترقی و خوشحالی کے عروج کی صدی تھی جسے اپنی برتری اور غلبہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شریک جاہلوں نے ہلاکت خیر صدی میں بدل دیا ہے۔دور جدید کی نت نئی ایجادات اورچکا چوند ترقی اور بے پناہ سہولیات نے انسان کو خدا کے الہامی پیغام سے دور کردیا ہے۔نا صرف انسانی تاریخ کی سب سے زیادہ ہلاکتیں بلکہ خودکشیاں بھی اسی صدی میں ہوئیں۔انسانوں کے تحفظ دینے کے نام پر ان کی ہلاکت کے منصوبے اور تباہ کن ہتھیار بنائے گئے۔لاکھوں انسانوں کو بارود کی آگ میں جلا دیا گیا اور معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی۔خواتین،معصوم بچیوں اور بچوں کے ساتھ درندگی کے واقعات نے انسانیت کو شرمندہ کردیا۔ان حالات میں امت کا فرض ہے کہ تاریکیوں میں بھٹکتی ہوئی انسانیت کو اسلام کی روشنی سے روشناس کرنے کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کرے۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے فیڈرل بی ایریا کی جامع مسجد قبامیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشدنسیم نے کہا کہ بیسویں صدی نے جہاں دنیاکو گلوبل ویلج بنایاوہیں دنیا میں اقوام متحدہ جیسے ادارے بھی وجود میں آئے تاکہ قوموں کو اتحاد و اتفاق سے رہتے ہوئے زندگی گزارنے کے مواقع دیئے جائیں مگر اقوام متحدہ اپنا وہ کردار ادا نہیں کرسکی جس کے لیے اس کا قیام عمل آیا تھا۔آج بھی کشمیر اور فلسطین جیسے مسلم اکثریتی علاقے ہندوؤں اور یہودیوں کے قبضے میں ہیں اور یہود و ہنود معصوم مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پر عدل و انصاف کے بجائے ظلم و جبر کی حکمرانی ہے۔عادلانہ نظام اسی وقت قائم ہوگا جس دن اللہ کی زمین پر اللہ کے قانون کی حکمرانی ہوگی۔

مزید خبریں

Scroll to Top