حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینا پڑے گا‘ لیاقت بلوچ

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی اور معاشی بحرانوں کا سامنا ہے۔عوام مہنگائی بے روز گاری اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔عوام معاشی مسائل اور مہنگائی کی وجہ سے حکومت اور اپنے مستقبل سے مایوس ہیں۔بے پناہ صلاحیتیں رکھنے والے نوجوان پہاڑوں پر جانے،سمندر کی لہروں کی نذر ہونے یا منشیات سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے پر مجبور ہیں۔ملک و ملت کو حالات کی اس گمبھیر تا سے نکالنے کے جماعت اسلامی کی تحریک کامیابی سے ہمکنا رہوکر رہے گی۔حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں اور مراعات چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بدترین مہنگائی کی وجہ سے پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے جس سے معیشت، زراعت اور صنعت کا پہیہ جام ہوچکا ہے۔جس سے بے روز گاری بڑھتی اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہورہے ہیں۔عوام سخت اضطراب مایوسی اور نا امیدی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی سے قبل آئی پی پیز کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا تو حکمران ماننے کے لیے تیا رنہیں تھے اور کہتے تھے کہ آئی پی پیز مالکان سے کوئی بات نہیں ہوسکتی مگر آخر انہیں مذاکرات کی میز پر آنا پڑا اور معاہدوں کو ری وزٹ کرنا پڑا جس کی وجہ سے ملک کو سیکڑو ں ارب کا فائدہ ہوا۔اس وقت 104آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی بات چیت اپنے آخری مراحل پر ہے جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ کمی ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں سے تیل خرید کر حکومت اس پر ٹیکس لگاتی ہے جی ایس ٹی سمیت درجنوں ٹیکس وصول کیے جاتے ہیں مگر اس کے بعد بھی لیوی کے نام پر اضافی بوجھ عوام پر لاد دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران عوام کو فائدہ دینے کے بجائے آئی پی پیز مالکان کو کیپسٹی بل کے نام پر ناجائز منافع دے رہے ہیں۔یہی اضافی بوجھ قومی پیداواری لاگت کو بڑھا تی اور بربادی کی طرف دھکیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لیوی کی مدمیں عام صارف سے کم و بیش107روپے اضافی وصول کرلیے جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے حکمرانوں کی اس ناجائز منافع خوری کا پوری قوم کے سامنے پردہ چاک کیا ہے۔ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، مہنگائی کے خلاف جماعت کی تحریک کامیاب ہوگی اور حکمرانوں کو اپنی مراعات اور عیاشیاں چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف فوج کے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، شہادتیں اور بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے اور علاقائی امن کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرے اور افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپوں کی سرکوبی کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران مل کر خطے کی بڑی قوت بن سکتے ہیں۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ جامع مسجد منصورہ لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

مزید خبریں

Scroll to Top