کوئٹہ: بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو انتظامی طور پر کوئٹہ میں بیٹھ کر ایک اکائی کے طور پر کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔
سرفرازبگٹی نےکہاکہ ملک میں صوبے لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں اور نئے صوبوں کے قیام پر قومی اسمبلی میں اتفاق رائے ہوا تو بلوچستان اسمبلی بھی تیار ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہم نئے صوبے بنانے کے لیے تیار ہیں، تاہم پہلے قومی اسمبلی میں صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے ہونا چاہیے، قومی اسمبلی میں اتفاق رائے ہوجائے تو بلوچستان اسمبلی بھی اس معاملے پر تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کو صوبوں کے قیام پر اعتراض نہیں، تاہم صوبوں کی تشکیل انتظامی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ جو لوگ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں گے، ان کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی، حکومت اپنا کام کر رہی ہے اور اسے بہترین انداز میں جاری رکھے گی۔















