تمباکو نوشی کے صحت پر ایک اور حیران کن اثر کا انکشاف

smoking3

تمباکو نوشی کو طویل عرصے سے مختلف دائمی بیماریوں اور جسمانی پیچیدگیوں کا اہم سبب قرار دیا جاتا رہا ہے، تاہم ایک نئی تحقیق میں اس عادت کے ایک ایسے منفی اثر کی نشاندہی ہوئی ہے جس کا تعلق انسان کی سماجی زندگی سے ہے۔

صحت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق تحقیق میں بتایا گیا کہ تمباکو نوشی کی عادت انسان کو وقت کے ساتھ سماجی طور پر تنہائی کے احساس میں مبتلا کر سکتی ہے جبکہ یہ کیفیت عمر بڑھنے کے ساتھ مزید نمایاں ہونے کا امکان رکھتی ہے۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے نتائج اسپین میں ہونے والی یورپی تنفس کی سوسائٹی کی سالانہ کانگریس میں پیش کیے گئے۔ محققین نے اس مقصد کے لیے 50 ہزار سے زائد افراد سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا جائزہ لیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ تمباکو نوشی کرنے والے اور اس عادت سے دور رہنے والے افراد خود کو کس حد تک تنہا محسوس کرتے ہیں۔

اس جائزے میں افراد کے خود کو دوسروں سے الگ تھلگ محسوس کرنے، سماجی روابط میں کمی اور دوستوں کی عدم موجودگی جیسے عوامل کو تنہائی کی پیمائش کے لیے استعمال کیا گیا۔

نتائج میں سامنے آیا کہ عمر یا جنس سے قطع نظر تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں تنہائی کا احساس ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ پایا گیا جو تمباکو نوشی نہیں کرتے۔ تحقیق میں یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ جو افراد مسلسل تمباکو نوشی کرتے رہے، ان میں وقت گزرنے کے ساتھ تنہائی کا احساس بڑھتا چلا گیا۔

محققین کے مطابق اس اثر کی شدت عمر رسیدہ افراد میں زیادہ دکھائی دیتی ہے، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ تمباکو نوشی کے نقصانات صرف جسمانی صحت تک محدود نہیں بلکہ یہ انسان کی ذہنی اور سماجی صحت کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔

ماہرین نے اس امکان کی جانب بھی توجہ دلائی کہ عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر عائد پابندیوں کے نتیجے میں تمباکو نوش افراد کے لیے بعض سماجی سرگرمیوں میں شریک ہونا مشکل ہو سکتا ہے، جس سے وہ دوسروں سے مزید دوری محسوس کر سکتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ ماضی کی تحقیقات میں عموماً یہ دیکھا گیا تھا کہ تنہائی یا سماجی دوری کا احساس لوگوں کو تمباکو نوشی کی طرف مائل کرتا ہے، تاہم نئی تحقیق اس کے برعکس ممکنہ تعلق کی طرف بھی توجہ دلاتی ہے کہ تمباکو نوشی خود تنہائی کے احساس کو بڑھانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس سے قبل مختلف تحقیقی جائزوں میں تنہائی اور ناخوشی کو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جا چکا ہے۔ عالمی ادارہ صحت بھی تنہائی اور سماجی تنہائی کو صحت عامہ کے لیے ایک اہم خطرہ قرار دے چکا ہے اور اس کے نقصانات کو روزانہ 15 سگریٹ نوشی کے برابر قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق نئی تحقیق تمباکو نوشی کے نقصانات کو سمجھنے کے دائرے کو مزید وسیع کرتی ہے، کیونکہ اس عادت کے اثرات جسمانی بیماریوں کے علاوہ انسان کی ذہنی کیفیت اور سماجی تعلقات پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top