مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ایک صحافی سمیت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعرات کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں بیت لحم سے 7، نابلس سے 9، سلفیت سے 4 جبکہ ہیبرون سے ایک صحافی شامل ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بیت لحم صوبے میں اسرائیلی فورسز نے الدوحہ قصبے، دھیشیہ پناہ گزین کیمپ اور الفوغرہ کے نواحی علاقوں میں متعدد گھروں پر دھاوا بولا۔ کارروائی کے دوران 4 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسی صوبے کے جنوبی علاقے میں واقع بیت فجر قصبے میں بھی اسرائیلی فوج نے ایک گھر میں داخل ہوکر تلاشی لی۔ گھر کی تلاشی کے دوران سامان کی توڑ پھوڑ کے بعد فورسز نے ایک فلسطینی شہری اور اس کے 2 بیٹوں کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق نابلس میں بھی اسرائیلی فوج نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ شہر کے جنوب میں واقع اسیرہ القبلیہ گاؤں پر چھاپے کے دوران 2 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ عسکر پناہ گزین کیمپ سے بھی ایک فلسطینی کو حراست میں لیا گیا، عوارتا قصبے سے 3، بازاریہ سے 2 جبکہ نابلس شہر کی عمان اسٹریٹ سے ایک فلسطینی کو گرفتار کیا گیا۔
نابلس کے شمال مغرب میں واقع سیبسٹیا قصبے میں اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی قیدی کی والدہ اور بہن کو بھی حراست میں لیا۔ دونوں خواتین سے موقع پر ہی پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔
سلفیت صوبے میں اسرائیلی فوج نے قراوت بنی حسن قصبے میں بھی متعدد گھروں پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران گھروں کی تلاشی لینے کے ساتھ سامان کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور 4 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد میں سے ایک کی گاڑی بھی اسرائیلی فورسز نے قبضے میں لے لی۔
دوسری جانب ہیبرون صوبے میں اسرائیلی فورسز نے شہر کے مغرب میں واقع ادنہ قصبے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فلسطینی صحافی کو گرفتار کرلیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں۔















