رواں سال زمین کو عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی دوہری شدت کا سامنا ہے۔
گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں پہلے ہی زمین کے درجہ حرارت میں اضافہ کر رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی رجحان ایل نینو کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔
ایل نینو ایک موسمیاتی رجحان ہے جس کے باعث پہلے سے شدید گرمی کا سامنا کرنے والی دنیا کے درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے سے ہلاکتوں کا خطرہ بھی بڑھ جائے گا۔
اقوام متحدہ کے تحت عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایل نینو آنے والے مہینوں میں مزید شدت اختیار کرے گا اور اس کی شدت فروری 2027 تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ڈبلیو ایم او کے مطابق ایل نینو رواں سال کے اختتام تک عروج پر پہنچ سکتا ہے، جبکہ اس کے اثرات 2027 میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل نینو کا آغاز ہوچکا ہے اور آنے والے مہینوں میں اس کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت اور بارشوں کے معمولات پر بھی اثر پڑے گا۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق ایل نینو کے باعث بعض علاقوں میں سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی سمیت مختلف موسمیاتی خطرات کا سامنا ہوسکتا ہے۔















