واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک طور پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں، اور اس معاہدے کی تفصیلات ’’بہت جلد‘‘ جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
انھوں نے جی-7 سربراہی اجلاس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں، معاہدہ مکمل طور پر طے پا چکا ہے۔‘‘
امریکی اعلیٰ حکام نے بھی معاہدے کے بعض نکات سے آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز جمعہ کے روز مکمل طور پر کھول دی جائے گی، اور اسی دن جنیوا میں اس معاہدے پر باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا ایران سے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، آبنائے ہرمز کھل گئی ہے، یہ امن معاہدہ انتہائی شان دار ہے۔ انھوں نے کہا ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے ہونے کی امید ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ تیل کی قیمت گر رہی ہے اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جا رہی ہے۔















