تہران: ایران افواج نے کہا ہے کہ کسی ملک کو بھی آبنائے ہرمز کے ذریعے امریکی اڈوں کے لیے ہتھیار منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے امریکی ہتھیار منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ اہم بحری گزرگاہ اس وقت مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے اسٹریٹجک کنٹرول میں ہے۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق بدھ کو ایرانی شہر مشہد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے مغربی حصے پر اسلامی انقلابی گارڈز کور (آئی آر جی سی) نیوی جب کہ مشرقی حصے پر ایرانی بحریہ کا کنٹرول ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ دونوں فورسز کے درمیان مربوط اور مشترکہ کنٹرول نے خطے میں ایران کی نگرانی اور اثر و رسوخ کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ان کے مطابق اس کنٹرول سے ایران کو اتنی آمدن حاصل ہوسکتی ہے جو ملک کی تیل سے حاصل ہونے والی آمدن سے دوگنا تک ہو۔
ایرانی فوجی ترجمان نے غیر ملکی طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے امریکی اسلحہ منتقل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے دعویٰ کیا کہ اگر ماضی میں امریکی ہتھیار خطے میں موجود فوجی اڈوں پر رکھے گئے تھے تو ان میں سے بیشتر اب تباہ ہوچکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران نہ تو آبنائے ہرمز سے امریکی ہتھیاروں کی گزرگاہ کی اجازت دے گا اور نہ ہی ایران کے خلاف پابندیوں کو قبول کرے گا۔ جو بھی آبنائے ہرمز سے گزرنا چاہتا ہے اسے ایرانی افواج کی نگرانی میں یہاں سے گزرنا پڑے گا۔















