نبی کریم ﷺ کی ایک حدیث مبارکہ ہے کہ:
“کیا تم جانتے ہو کہ مفلس کون ہے؟”
صحابہؓ نے کہا کہ مفلس وہ ہے جس کے پاس مال یا دولت نہ ہو۔
آپ ﷺ نے فرمایا:
“قیامت کے دن میری امت کا حقیقی مفلس وہ ہوگا جو نماز، روزہ، زکوة اور دیگر عبادات لے کر آئے گا، مگر اس نے دنیا میں کسی کو گالی دی ہوگی، کسی پر تہمت لگائی ہوگی، کسی کا مال کھایا ہوگا، کسی کا خون بہایا ہوگا، یا کسی کو مارا ہوگا۔ ان سب مظلوموں کو اس کی نیکیاں دے دی جائیں گی، اور اگر اس کی نیکیاں ختم ہو جائیں تو ان کے گناہ اس پر ڈال دیے جائیں گے، پھر اسے جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔”(صحیح مسلم)
اسی حدیث کی روشنی میں ہم انسانی کردار کو جانچنے کی کو شش کریں گے
لفظ مفلس (مُفْلِس) عربی میں خالی، کمزور یا محروم کے معنی رکھتا ہے، خصوصاً مالی یا وسائل کی کمی کے لیے، کنگلا یا دیوالیہ ہو جانا لیکن حدیث میں یہ تصور صرف دنیاوی دولت تک محدود نہیں، بلکہ دلوں اور اخلاق کی خالی پن کو بیان کرتا ہے۔ حقیقی مفلس وہ ہے جس نے اپنی عبادات کے باوجود دوسروں کے دل توڑے، ان کے حقوق پامال کیے، یا نفرت و حسد پھیلایا۔
نفسیات ایسے لوگوں کو خاص زاویے سے دیکھتی ہے۔ جو بظاہر خوش اخلاق لگتے ہیں لیکن خاموشی سے دوسروں کے دلوں میں نفرت پھیلاتے ہیں، ان میں عام طور پر کچھ پیٹرنز پائے جاتے ہیں۔ سب سے پہلے، یہ لوگ اندر سے اپنی کمزوری یا hidden insecurity محسوس کرتے ہیں، لیکن اسے تسلیم کرنے کی بجائے دوسروں کو نیچا دکھا کر اپنی ذات کو بلند کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ ایک طرح کا دفاعی نظام ہے، تاکہ وہ اپنی کمزوری محسوس نہ کریں۔
دوسری بات، ان کا رویہ اکثر passive-aggressive ہوتا ہے۔ وہ براہِ راست کچھ نہیں کہتے، مگر طنز، معنی خیز خاموشی، یا مسکراہٹ میں زہر گھول کر دوسروں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں: “میں نے تو کچھ کہا ہی نہیں”، لیکن یہ چھپی ہوئی جارحیت کا حصہ ہوتی ہے۔
تیسرا پہلو ہے image management۔ یہ لوگ اپنی تصویر کے قیدی ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب انہیں اچھا سمجھے، لیکن سچائی کی قیمت نہ چکانی پڑے۔ اسی لیے وہ خوش اخلاقی کا نقاب پہن لیتے ہیں، تاکہ دوسروں کے سامنے نرم مزاج اور شائستہ لگیں۔
چوتھی بات، یہ لوگ اکثر projection کے ذریعے اپنی کمزوری دوسروں پر ڈال دیتے ہیں۔ جو نفرت یا حسد وہ اپنے اندر رکھتے ہیں، وہی دوسروں کے نام لگا دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر، کہتے ہیں: “لوگ فلاں کے بارے میں یہ کہتے ہیں”، درحقیقت یہ ان کا اپنا خیالی تصور ہوتا ہے۔
آخر میں، جب کبھی ان کا رویہ سامنے آتا ہے یا کوئی ان کے اعمال پر سوال کرتا ہے، تو فوراً victim card کھیل لیتے ہیں۔ نفسیات کے مطابق یہ ذمہ داری سے بچنے کا طریقہ ہے، تاکہ کوئی ان پر سوال نہ کرے۔
یہ سب رویے ظاہر تو خوش اخلاقی کے لگتے ہیں، لیکن حقیقت میں emotional manipulation ہے۔ دماغ کا reward system اور threat perception انہیں چھوٹی چھوٹی حرکتوں میں دوسروں کو نیچا دکھانے کی طرف مائل کرتا ہے۔ وہ مسکراتے ہیں، مگر دلوں میں زہر گھولتے ہیں، اور یہ عادت بن جاتی ہے۔
حدیثِ مفلس اور نفسیاتی بصیرت دونوں ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ کردار کی اصل اہمیت صرف عبادت یا ظاہر کی نیکی میں نہیں بلکہ دلوں کی حفاظت ہے۔ حقیقی نیکی وہ ہے جو دلوں میں محبت اور سکون پیدا کرے، کسی کا حق پامال نہ کرے، اور کسی کے دل میں نفرت یا حسد کا بیج نہ بوئے۔ کسی کو کسی کی نظروں سے گرا کے اسکی عزت اور محبت سے محروم نہ کیا جائے اور یہ سب ایک انسان کے کردار کی مضبوطی سے ہی ممکن ہے یہی راستہ ہے جس سے انسان بظاہر وقتی طور ناکام دکھائی دیتا ہے لیکن آخرت میں واقعی کامیاب اور مطمئن رہتا ہے۔ کیونکہ یاد رہے قیامت کے دن اعمال کو تولا جاۓ گا اور اعمال میں وزن صرف دل کے خالص ہونے اور کردار کی پختگی سے ہی ممکن ہے
اور یہی وہ لمحہ ہے جو دل دہلا دیتا ہے کہ وہ مفلس انسان یقیناً بظاہر دنیا میں نیکیاں کرنے والا ہی ہو گا حالانکہ حقیقت میں وہ خالی ہاتھ ہے۔ اور یہ خالی پن صرف عمل اور روحانی اعتبار سے نہیں، بلکہ اس کا ذہنی مفلس ہونا بھی واضح ہوگا، کیونکہ وہ اپنی کمزوری، اپنے جھوٹ اور دوسروں کے دلوں پر کئے گئے ظلم کو تسلیم نہ کر سکا۔ یہ لمحہ ہر انسان کے لیے ایک سخت بصیرت ہے، کہ صرف ظاہر کی نیکی اور خوش اخلاقی، جب دلوں میں نفرت یا حق تلفی میں چھپی ہو، انسان کو آخرت میں کامیاب نہیں کر سکتی، اور وہ خود کو مظلوم سمجھتا رہتا ہے، جب کہ حقیقت میں وہ سب کچھ کھو چکا ہوتا ہے، اور ذہنی و روحانی طور پر مکمل مفلس ہے.















