کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملکی انجینئرنگ کی باگ بھی اسی نوجوان نسل کو سنبھالنی ہے، تعلیمی اداروں کی گراں قدر خدمات سے ہماری معاشی و معاشرتی اڑان ممکن ہے، اصلاح دنیا سے قبل اپنی تہذیبِ نفس کرنا ضروری ہےان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہاشوانی گروپ آف کمپنیز امین اے ہاشوانی نے جامعہ این ای ڈی کے 34ویں کانووکیشن میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا جلال الدین محمد رومی نے کہا کہ اصلاح دنیا کرنے سے قبل اپنی تہذیبِ نفس کرنا ضروری ہے، اگر آپ سب اپنی اصلاح کرنے میں کامیاب ہوجائیں تو یقین جانیے معاشرہ خودبخود بہتری کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے اور رہے گا۔ ملکی انجینئرنگ کی باگ بھی اسی نوجوان نسل کو سنبھالنی ہے، تو کیوں نہ آج سے عہد کریں کہ ہم خود اپنی اصلاح کریں گے۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہو ئے ان کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی گراں قدر خدمات سے ہماری معاشی و معاشرتی اڑان ممکن ہے۔ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل اور سابقہ وائس چانسلر/ ایمریٹس پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، جامعہ کی کراچی اور تھرپارکر کی ٹیموں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے جامعہ اور تھر انسٹی ٹیوٹ ترقی کی منازل کی جانب رواں دواں ہے۔
جامعہ این ای ڈی کے چونتسویں کانووکیشن کےاستقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، جامعہ کی انتظامیہ، آپ کے اساتذہ، ان کا تحقیقی ماحول سب نے مِل کر، بہترین تعلیمی ماحول میسر کیا تو آپ طالب علم، فخر سے سر بلند کرکے یہاں ڈگری حاصل کررہے ہیں۔ میں باحیثیت سربراہ اور استاد سمجھتا ہوں کہ ہم نے ایک بہترین نسل تیار کردی ہے جو ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثالی کردار ادا کرے گی۔ سیکریٹری یونی ورسٹیز اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ، شیخ الجامعہ، معزز مہمانوں سمیت پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعمان اور رجسٹرار سید غضنفر حسین نقوی نے طالب علموں کو اسناد و میڈلز سے نوازا۔















