تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیئے گئے: دریائے سندھ میں طغیانی کا الرٹ جاری

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں راول ڈیم کی پانی کی سطح بلند ترین حد تک پہنچ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پانی کی سطح 1,748 فٹ تک پہنچنے پر حکام نے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسپل ویز اتوار کی صبح 6 بجے کھولے جائیں گے، اور انہیں تقریباً 5 گھنٹوں تک کھلا رکھا جائے گا تاکہ پانی کی سطح کو 1,746 فٹ تک کم کیا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جب کہ راول ڈیم سے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو بھی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

صوابی: تربیلا ڈیم میں اسپل ویز کھول دیے گئے دریائے سندھ میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولے جانے کے بعد الرٹ بھی جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھولنے سے دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا، جس کے باعث پانی کی سطح 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی کو الرٹ رکھنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے لہٰذا دریائے سندھ کے آس پاس رہائشی محتاط رہیں جبکہ ماہی گیر اور مویشی پالنے والے افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top