غزہ: فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس نے بتایا کہ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی 21 سالہ ایڈان الیگزینڈر کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا اور اب انہیں غزہ سے باہر منتقل کر کے اسرائیلی فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔
دریں اثنا، اسرائیلی عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایڈان الیگزینڈر کو حماس کی جانب سے ریڈ کراس کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے تعلقات میں تناؤ بڑھنے کے ساتھ ہی آج صبح خبر سامنے آئی تھی کہ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کو حماس کی جانب سے آج غزہ میں رہا کیے جانے کا امکان ہے،21 سالہ ایڈن الیگزینڈر غزہ کی سرحد پر ایلیٹ انفنٹری یونٹ میں خدمات انجام دے رہا تھا، جب اسے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے دوران یرغمال بنالیا گیا تھا۔
اسرائیل کا کہنا تھا کہ الیگزینڈر کی رہائی کے لیے غزہ میں ’ایک محفوظ راہداری‘ ہوگی، لیکن اس نے جنگ بندی کا وعدہ نہیں کیا تھا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مشرق وسطیٰ کا دورہ منگل سے شروع ہو رہا ہے، انہوں نے الیگزینڈر کی طے شدہ رہائی کو ’یادگار خبر‘ قرار دیا۔
ایک سینئر فلسطینی عہدیدار نے ’بی بی سی‘ کو بتایا تھا کہ حماس کا اعلان ٹرمپ کی آمد سے پہلے ایک نیک نیتی کے اشارے کے طور پر کیا گیا، حماس یہ بھی کہتا ہے کہ رہائی کا مقصد امدادی معاہدے کو سہولت فراہم کرنا ہے، غزہ 2 ماہ سے زیادہ عرصے سے اسرائیلی ناکہ بندی میں ہے۔















