اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی میں طوفانی بارش ہوئی ہے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت کا موسم خوشگور ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور دن میں رات کا سماں ہوگیا۔ شہر اور اس کے گرد و نواح میں تیز ہواوں کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کا زور ٹوڑ دیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔اس کے علاوہ جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی گرد آلود ہاؤں اور آندھی سے حد نگاہ کم ہوگئی۔
راولپنڈی میں طوفانی ہواؤں نے نظام زندگی روک دیا، اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگئی جب کہ کاروباری مراکز اور ہوٹلز ریسٹورنٹس بند ہوگئے اور راولپنڈی میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج سے ملک بھر کا موسم خوشگوار ہونے کی نوید سنائی ہے اور پیش گوئی کی ہے کہ بیشتر علاقوں میں بارشیں شروع ہوں گی۔چھوٹے بڑے شہروں سمیت ملک بھر میں جاری گرمی کی شدید لہر کے بعد آج سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جب کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔















