کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)بینک اسلامی پاکستان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے جاری کردہ فنانشل لٹریسی ویک 2025ء میں شرکت کی۔ مختلف اقدامات کے ذریعے بینک اسلامی نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف مالیاتی خواندگی کو فروغ دیا بلکہ مالیاتی شمولیت اور اس کی اہمیت کے بارے میں شعور کواجاگر کیا اور ساتھ ہی ملک میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینے اور انسانیت کو سود سے بچانے کے لیے اپنے مشن کو تقویت پہنچائی۔
لٹریسی ویک کا آغاز لاہور، ملتان، ساہیوال اور ایبٹ آباد سمیت ملک بھر میں مالیاتی خواندگی کے کیمپوں سے ہوا۔ ان کیمپوں میں بینک اسلامی کی ٹیموں نے عوام میں مالی خودمختاری کی اہم ضرورت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور تمام صارفین کے طبقات کے لیےاہم مالیاتی تصورات، بینکاری مصنوعات اور خدمات کی تفہیم کو فروغ دینے کے لیے کام کیا۔

علاوہ ازیں، بینک اسلامی نے مشعل راہ اور فہمیدہ بیگم فاؤنڈیشن سمیت پورے پاکستان میں30 سے زائد تعلیمی اداروں اور غیر منافع بخش تنظیموں میں آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے۔
ان اداروں کے ارکان اور طلباء کو پورے پاکستان میں بینک اسلامی کی برانچز میں بھی مدعو کیا گیا تاکہ انہیں پیش کردہ مالیاتی مصنوعات اور خدمات کا براہ راست تجربہ فراہم کیا جاسکے اور مالیاتی اداروں کی کوششوں کی جھلک پیش کی جاسکے۔
پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے ان عملی کوششوں کو مزید وسعت دی گئی تاکہ وسیع تر سامعین تک رسائی حاصل کی جا سکے اور معاشرے کے مختلف طبقوں کو شامل کیا جا سکے۔بینک اسلامی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، رضوان عطا ،نے اس اقدام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ”بینک اسلامی میں ہمارا عزم محض مالیاتی مصنوعات کی فراہمی سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمارا مقصد افراد کو باخبر مالی فیصلے کرنے کے لیے ضروری علم اور ٹولز سے مزین کرنا ہے۔
اس اقدام کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو محفوظ اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے قابل بناتے ہوئے مالیاتی تفہیم کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔“ہفتے کا اختتام متعدد مقامات پر منعقد ہونے والی مالیاتی خواندگی کی واک کے ساتھ ہوا، جس میں یونیورسٹیوں، خواتین کی تنظیموں، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے شرکاء کو اکٹھا کر کے انہیں مالی آگاہی کی اہمیت فراہم کی گئی اور شمولیت، بااختیاری اور مالی فلاح و بہبود کے بارے میں مسلسل مکالمے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔















