کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کے قریب رات 12 بج کر 40 منٹ پر لگنے والی آگ پر 21 گھنٹے بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا، ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں، لیکن اب کوشش کی جا رہی ہے کہ گڑھے کو مٹی بھر کر آگ بجھا دی جائے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پہلے فائربریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ آگ ممکنہ طور پر گیس لائن میں لگی، آگ تیسرے درجے کی ہے، جسے بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر بریگیڈ طلب کی گئی ہے، آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فوم کا استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ آگ 1800 فٹ گہرے بورنگ میں لگی ہے جو حال ہی میں سوسائٹی کے اندر کیا گیا تھا۔ اب حکام بورنگ میں مٹی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فائر آفیسر محمد ظفر کا کہنا ہے کہ آگ پراسرار ہے، سمجھ نہیں آرہا کہ لائن کس کی ہے، آگ پرپانی پھینکا جا رہا تھا مگر وہ اڑ کر واپس آرہا ہے ، ایس ایس جی سی کا عملہ بھی پہنچ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ جس گڑھے سے نکل رہی ہے اسے مٹی ڈال کر بند کرنے کی ضرورت ہے، ڈمپر یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے مٹی پھینکنے کی ضرورت ہے، آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل ڈیفنس فیز 8 سمیت مختلف علاقوں سے دیکھے جا سکتے ہیں۔
سی ای او کنسٹرکشن کمپنی کا کہنا ہے ہم نے 1200 فٹ تک گہرائی میں کھدائی کی تھی، ہم نے مٹی کی ٹیسٹنگ کروائی تھی، لیکن اس میں گیس موجودگی کی رپورٹ نہیں تھی، کھدائی بورنگ کے پانی کیلئے کی گئی تھی۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق آگ گیس پائپ لائن میں ہی لگی، پانی کی بورنگ کے دوران گیس لائن کو نقصان پہنچا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی سے فون پر رابطہ کرکے کورنگی کراسنگ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرکی فوری فراہمی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گورنرسندھ نے چیف فائر آفیسر اور موقع پر موجود انجینئر سے بھی گفتگو ہوئی، کامران ٹیسوری نے فائر آفیسر کو ہیلی کاپٹر کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے کیلئے ہر ممکن سہولت دی جانی چاہیے۔
ترجمان سوئی سدرن گیس نے وضاحت جاری کی ہے کہ سوئی سدرن کی اس علاقے میں کوئی تنصیبات نہیں ہیں، اطلاع ملتے ہی تکنیکی ٹیمیں فوری طورپرجائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم نے تصدیق کی آگ کٓے قرب سوئی سدرن کی کوئی پائپ لائن موجود نہیں۔
چیف فائر افسر ہمایوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کورنگی کریک میں آگ لگنے کا واقعے کی اطلاع ملی، آگ کی وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
چیف فائر افسر نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، ریسکیو آپریشن میں مزید وقت لگ سکتا ہے، آگ پر قابو پانے کے بعد وجوہات کا معلوم ہو سکے گا۔















