وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافے کی سمری منظور

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی۔ بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر، وزیرمملکت اور مشیر کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگی۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیروں، وزرائے مملکت، مشیروں کی تنخواہوں میں 188 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔دو ماہ قبل اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور مراعات وفاقی سیکریٹری کے برابر کرنے کے معاملے پر فنانس کمیٹی نے ایم این ایز اور سینیٹرز کی تنخواہ و مراعات میں اضافے کی منظوری دی تھی۔اسپیکر ایاز کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے متفقہ طور پر منظوری دی تھی۔ کابینہ نے اس سمری کو سرکولیشن کے ذریعے منظور کیا۔پارلیمانی امور ڈویژن نے قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی کی سفارش سے آگاہ کیا کہ وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور پارلیمانی سیکریٹریز کی تنخواہ رکن پارلیمنٹ کے برابر ہو گی۔اسے مدنظر رکھتے ہوئے کیبنٹ ڈویژن نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت (تنخواہ، الاؤنسز اور مراعات) ایکٹ 1975 میں ترمیم کے لیے ایک مسودہ بل تیار کیا جس کی قانون و انصاف ڈویژن سے باقاعدہ جانچ پڑتال کی گئی۔وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت (تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات) ایکٹ 1975 میں ترمیم کا مسودہ کابینہ کو اصولی اور حتمی منظوری کے لیے پیش کیا گیا ہے، اب اسے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 25 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں میں 140 فیصد اضافے کی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی تھیں۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ہر رکن قومی اسمبلی اور سینیٹر کی ماہانہ تنخواہ میں 5 لاکھ 19 ہزار روپے اضافے کی منظوری دی تھی۔31 جنوری کو وزیر اعظم شہباز شریف نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں بڑے اضافے کی منظوری دے دی تھی۔بعد ازاں، 17 فروری کو سینیٹ نے اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے سے متعلق بل متفقہ طور پر منظور کرلیا تھا۔

مزید خبریں

Scroll to Top