حیدرآباد:بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ،نظام زندگی درہم برہم

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اعلانیہ وغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے فراہمی و نکاسی آب کا سارا نظام درہم برہم کردیا ،ایک جامع نظام موجود ہونے کے باوجود واٹر کارپوریشن کے محض بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شہر یوں کو آبی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے اورماہ صیام میں بھی شہر ی قلت آب سے دوچار ہیں۔میڈیا سیل حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق بجلی کے جاری بحران کو مد نظر رکھتے ہو ئے واٹر کارپو ریشن نے اپنے فلٹر پلانٹس اور اہم پمپنگ اسٹیشنوں کو ہمہ وقت فعا ل رکھنے کے لئے متبادل فیڈرز کی سہولت حاصل کی ہو ئی ہے تا کہ صارفین کو بلا تعطل حسب ضرورت پانی مہیا کیا جاسکے ۔حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اپنی اس حکمت عملی پر گذشتہ کئی ماہ سے کامیابی کے ساتھ عمل کر رہا تھا لیکن خصوصاََرمضان المبارک شروع ہوتے ہی حیسکو کی جانب سے دونوں فیڈرز پر بہ یک وقت بجلی بند ہونے کی وجہ سے حیدرآباد واٹر کارپوریشن فراہمی ونکاسی کا تسلسل بر قرار رکھنے میں ناکام رہا ہے جس کی وجہ سے شہر کے بعض علاقوں میں قلت آب کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے ۔اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ جامشورو روڈ پر واقع نیو فلٹر پلانٹ جو کہ حیدرآباد کے 95% علاقوں کو پانی فراہم کرتا ہے ،اس صورتحال سے سب سے زیادہ متا ثر ہے۔جبکہ اولڈ فلٹر پلانٹ مین ڈسٹری بیوشن پمپنگ اسٹیشن ٹھنڈی سڑک اور دیگر پمپنگ اسٹیشن بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے بری طرح متا ثر ہیں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث جہاں فراہمی آب کا عمل متا ثر ہو تا ہے وہیں سب سے زیادہ نقصان بجلی کی ٹرپنگ سے ہو تا ہے جو کہ سسٹم کے میکا نزم کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top