آکلینڈ (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے ٹیم کی تشکیل نو کے مرحلے سے گزرنے کا مقصد یہ نہیں کہ جیتنا نہیں ہے۔آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی اور ٹیم سیریز جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ممکن ہے ایک سے دو تبدیلیاں کی جائیں۔ان کا کہنا تھا تشکیل نو کے مرحلے سے گزرنے کا مقصد یہ نہیں کہ جیتنا نہیں ہے، نیوزی لینڈ کی کنڈیشن میں کھیلنا آسان نہیں ہوتا، جن کھلاڑیوں نے ملک سے باہر کم کرکٹ کھیلی ہو تو مسائل ہوں گے۔عاقب جاوید کا کہنا تھا دو میچ ہار گئے تو لوگ ناراض ہیں، لوگ ہر وقت جیتتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں، ہم بھی یہ ہی چاہتے ہیں لیکن کبھی تھوڑی دیر ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی والی بات 4 سال پرانی ہو گئی، جو ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں بہتر تھی اس کو بھی 2 سال ہو گئے، 2 سال میں کرکٹ بدل گئی ہے، ٹی ٹوئنٹی کی ٹیمیں الگ بننے لگی ہیں، ہم بھی ٹی ٹوئنٹی کی الگ ٹیم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔عبوری ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا تھا ایشیا کپ اور ورلڈ کپ دونوں اہم ایونٹ بھارت میں ہیں، ایشیا کی وکٹوں پر لمبے اسکور ہوتے ہیں جبکہ جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی کنڈیشن میں سیریز آسان نہیں ہوتیں، نوجوان مشکل کنڈیشن میں کھیلیں گے تو اعتماد ملے گا۔















