جماعت اسلامی عید بعد حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بھرپور تحریک چلائیگی ،اسد اللہ بھٹو

جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اسد اللہ بھٹو کا مئیو راجپوت ہائوس گھارو میں عشائیہ میں شرکت کے بعد گروپ فوٹو دوسری جانب میڈیا سے بات چیت کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر رہنما جماعت اسلامی و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عید کے بعد حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں بجلی بلوں، مہنگائی سمیت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور تحریک چلائے گی، جس میں لانگ مارچ اور گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے شامل ہوں گے۔انہوں نے دریائے سندھ سے نہروں کے منصوبے پر پیپلز پارٹی کے مخالفت میں بیانات کو مگر مچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے ساتھ وفادار نہیں ہے۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ ایک ذمے دار شخص ہیں، انہیں
کینالوں کے مسئلے پر سچ بولنا چاہیے۔ پہلے مسلسل انکار کے بعد اسمبلی میں قرارداد دہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومتیں کسی غلط کام کی مذمت نہیں کرتی بلکہ اس کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھاتی ہیں۔ پیپلز پارٹی بتائے کہ انہوں نے کینالوں کو روکنے کے لیے کون سے سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔ جماعت اسلامی پہلے دن سے میدان میں ہے۔ تمام بیراجوں پر ٹیلی میٹر سسٹم لگایا جائے تاکہ پانی کی منصفانہ تقسیم ہو سکے۔ پانی زندگی ہے۔ ایک طرف پانی نہیں ہے، دوسری طرف سندھ میں تیار فصلوں کا مناسب ریٹ نہیں مل رہا جبکہ بیج، کھاد اور ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ سندھ کے لوگ دہری اذیت میں مبتلا ہیں۔ حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھارو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سندھ کے اطلاعات سیکرٹری مجاہد چنا، مقامی رہنما مولانا عطا الرحمن بلوچ، عبدالسمیع ہالیپوٹو، حمزہ ناہیوں اور دیگر ذمے دار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹونے گلشن حدید پہنچ کر مقامی صحافی اور نجی چینل کے رپورٹر (کے ٹی این نیوز) وحید مراد سیال کی والدہ کے انتقال پر تعزیت، مرحومہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ امیر ضلع ملیر سید مفخر علی، مقامی رہنما جاوید اقبال اور محمد علی برڑو بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

مزید خبریں

Scroll to Top