الخدمت کے زیر اہتمام 456 یتیم بچوں کیلیے عید شاپنگ کا اہتمام

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 456 یتیم بچوں کے لیے عید شاپنگ کا اہتمام، الخدمت فاؤنڈیشن کے شعبہ آرفن کیئر کی جانب سے چیز ویلیو شاپنگ مال میں 456 یتیم بچوں کے لیے عید شاپنگ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالا جعفر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پہلے روز 230 یتیم بچوں نے اپنی والدہ کے ساتھ شاپنگ کا مرحلہ مکمل کیا، جبکہ کل ان شاء اللہ مزید 226 بچوں کو عید کی
خریداری کروائی جائے گی۔ ہر بچے کو 5000 روپے کی شاپنگ کے لیے خصوصی واؤچر دیا گیا، جس سے انہوں نے اپنی پسند کے ملبوسات اور دیگر اشیاء خریدیں۔ بعد ازاں، تمام بچوں کو کیش عیدی بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی، جبکہ ان کی ماؤں نے بھی اس منفرد اقدام پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا۔ شرکاء اور مخیر حضرات نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے منظم اور خوشگوار ماحول میں منعقد کی جانے والی اس شاپنگ سرگرمی کو دل سے سراہا۔ الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مخیر حضرات سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top