فرانس: پیرس کے تھیڑ میں پناہ گزیں 400تارکین وطن بے دخل

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی پولیس نے طاقت کے زور پر گیٹے لیریک تھیٹر کو 400 سے زائد تارکین وطن سے خالی کرالیا،جو 3 ماہ سے زیادہ عرصے سے وہاں مقیم تھے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس افسران نے صبح 6 بجے سے کچھ پہلے تھیٹر میں آپریشن شروع کیا۔ اس دوران سیکڑوں مظاہرین بے دخلی کے خلاف احتجاج کرنے جمع ہوگئے تھے۔ 10 دسمبر سے پناہ گزینوں نے پناہ کے مطالبے کے طور پر کنسرٹ اور آرٹس کے مقام پر قبضہ کر لیا تھا، جس کی وجہ سے گیٹے لیرک انتظامیہ نے 17 دسمبر کو اپنا کام معطل کر دیا تھا۔ اس موقع پر شہریوں نے بھی پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور تارکین وطن کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ انہیں زبردستی باہر نکالنے کے بجائے پائیدار رہائش فراہم کریں۔ پولیس نے اپنے آپریشن کے آغاز میں آنسو گیس کا استعمال کیا۔ پیرس پولیس کے سربراہ لورینٹ نونیز نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 46 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 9 افراد معمولی زخمی ہوئے ۔دوسری جانب پیرس کی میئر این ہڈالگو نے فرانس انٹر ریڈیو کو بتایا کہ انخلا کا عمل مکمل کرکے تارکین وطن کو ہنگامی رہائش کی پیشکش کی گئی ہے۔میئر نے کہا کہ اس مرحلے پر یہ سب کچھ کرنا ضروری تھا، کیوں کہ تھیٹر کے اندر تارکین وطن کی موجودگی میںصورتحال پیچیدہ، کشیدہ اور خطرناک ہوتی جا رہی تھی۔

مزید خبریں

Scroll to Top