دہشت گرد عناصر کو ہر قیمت پر شکست دینگے،صدر مملکت

کوئٹہ: صدر مملکت آصف زرداری بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہر قیمت پر دہشت گرد عناصر کو شکست دیں گے اور بلوچستان میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔بلوچستان میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر نے ان دہشت گردوں کے خطرے کو اجاگر کیا جو ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔اجلاس میں چیئرمین
پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری، قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن (ر) عبد الخالق اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ صورت حال واضح ہے کہ ریاست قائم رہے گی اور ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنی ہوگی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت انسداد دہشت گردی فورس کو جدید ترین ہتھیار فراہم کرے گی۔صدر نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے اور ہم صوبے میں ترقی اور پائیدار امن چاہتے ہیں۔انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے ہر بچے کو تعلیم ملے اور بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرایا جائے۔یہ اہم اجلاس بلوچستان کے ضلع بولان میں جعفر ایکسپریس، نوشکی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے اور خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جنڈولہ کے مقام پر ایف سی چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملوں جیسے واقعات کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Scroll to Top