اسلام آباد: پاک افغان طورخم بارڈر کھول دیا گیا جس کے بعد بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں 27 دن بعد بحال ہوگئیں۔
پاکستان اور افغانستان کے جرگے کے ارکان کے درمیان طویل عرصے سے جاری مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد طورخم بارڈر کراسنگ کو 27 دن بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر فلیگ میٹنگ میں تجارت بحالی کا فیصلہ ہوا جس کے بعد 27 دن کی بندش کے بعد تجارت کے لیے سرحد کھول دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پیدل آمدورفت 2 دن بعد بحال ہو جائے گی، امیگریشن کا عملہ اس وقت بھی موجود ہے لیکن اسکینر خرابی کے باعث مسافروں کی آمدورفت معطل رہے گی، اسکینر پر مرمتی کام ہوگا ٹیکنیکل خرابی دور ہونے کے بعد مسافروں کو جمعہ کے دن اجازت دی جائے گی۔
پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ضیاالحق سرحدی کا کہنا تھا کہ دونوں جانب تقریبا 5 ہزار کمرشل ٹرک پھنسے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دونوں اطراف کے تاجروں کو کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔















