واشنگٹن: امریکا کے جنوبی اور وسط مغربی علاقوں میں آئے شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کئی زخمی ہیں طوفانی ہواؤں، شدید بارشوں اور خطرناک بگولوں نے مختلف ریاستوں میں قیامت برپا کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ہفتے کے اختتام پر آنے والے شدید کم دباؤ کے نظام نے ٹیکساس سے الاباما تک تباہی پھیلائی اس طوفان کے نتیجے میں، اوکلاہوما اور ٹیکساس میں آگ بھڑک اٹھی جسے تیز ہواؤں نے مزید پھیلایا،الاباما، آرکنساس، میسوری، کنساس، اور میسیسیپی میں خطرناک بگولے بنے، جن سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
نیشنل ویدر سروس کے مطابق یہ طوفانی نظام منگل کی صبح تک بحر اوقیانوس کی طرف نکل جائے گا، اب ایک نیا طوفانی نظام گریٹ لیکس (Great Lakes) سے مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جو شمال مشرقی ریاستوں میں مزید خراب موسم کا سبب بن سکتا ہے، نیو یارک، پنسلوانیا، اور دیگر مشرقی ریاستوں میں مزید بگولوں اور شدید آندھی کا خطرہ ہے۔
انہوں نےمزید کہاکہ فلاڈیلفیا میں تیز ہواؤں کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا جبکہ ہوا کے جھکڑ 50 میل فی گھنٹہ تک پہنچنے کی توقع ہے،کم از کم پانچ بگولے لوزیانا، میسیسیپی، اور آرکنساس میں ریکارڈ کیے گئے، جس سے گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا اور چار افراد زخمی ہوئے۔
اوکلاہوما کے حکام نے آج تصدیق کی کہ ریاست میں طوفان کے سبب آگ اور تیز ہواؤں سے مرنے والوں کی تعداد چار ہو چکی ہے،یہ ہلاکتیں لنکن، گارفیلڈ، ہاسکل، اور پاونی کاؤنٹیز میں رپورٹ ہوئیں، آگ کی شدت کے باعث سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا اور ہزاروں ایکڑ زمین جل کر راکھ ہو گئی۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ طوفان کی صورتحال کو “قریب سے مانیٹر” کر رہے ہیں اور ریاستی اور مقامی حکام کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔















