کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے اپنی بساط کے مطابق ہر ممکن اقدامات کیے اور کئی اہم عوامی منصوبے متعارف کرائے۔
سندھ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ انتظامی معاملات میں بہتری لانے کے لیے گورننس کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، گزشتہ سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ ہاری کارڈ کا اجرا کیا گیا تھا، جس کے تحت ایک لاکھ سے زائد ہاریوں کو تقریباً 10 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔
سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ “سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز” حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، جو بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، گھوٹکی میں ایک جدید زرعی تحقیقاتی مرکز قائم کیا گیا ہے، جبکہ دیہی علاقوں کی ڈیجیٹل میپنگ کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک سال کے دوران اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے مکمل کیے ہیں، ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔















