یاسمین لاری کا اسرائیلی ادارے سے 2025 وولف پرائز لینے سے انکار

architect-Yasmeen-Lari

کراچی: پاکستان کی معروف آرکیٹیکٹ اور انسانی حقوق کی علمبردار یاسمین لاری نے اسرائیلی ادارے سے 2025 وولف پرائز لینے سے انکار کر دیا،ایک خط کے ذریعے انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے سبب  1 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے) کی انعامی رقم بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس انعام  کو قبول کرنا ان کے ضمیر کے خلاف ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق یاسمین لاری سماجی انصاف اور تعمیرات کو یکجا کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں، پاکستان کی پہلی خاتون آرکیٹیکٹ ہونے کے ناطے، یاسمین لاری نے اپنی زندگی پائیدار اور انسان دوست تعمیرات کے لیے وقف کر رکھی ہے، خاص طور پر پسماندہ طبقات کے لیے۔ انہوں نے 1980 میں اپنے شوہر سہیل ظہیر لاری کے ساتھ ہیریٹیج فاؤنڈیشن آف پاکستان کی بنیاد رکھی۔

یاسمین لاری نے وولف فاؤنڈیشن کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے دوران وہ یہ اعزاز قبول نہیں کر سکتیں، میں اہل غزہ کے لیے کچھ خاص نہیں کرسکتی تو”کم از کم میں اتنا ضرور کر سکتی تھی کہ میں اس ایوارڈ کو مسترد کر دوں، انہوں نے غزہ میں ہونے والی “نسل کشی” کو ایوارڈ قبول نہ کرنے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

یاسمین لاری کو 2023 میں رائل انسٹی ٹیوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹس (RIBA) کی جانب سے “رائل گولڈ میڈل” سے بھی نوازا گیا، جو بین الاقوامی آرکیٹیکچر کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔

وولف پرائز ہے کیا؟

وولف پرائز 1978 سے ہر سال 6 شعبوں میں دیا جاتا ہے، جن میں زراعت، کیمیا، ریاضی، طب، طبیعیات، اور فنون شامل ہیں، فنون میں آرکیٹیکچر، موسیقی، مصوری اور مجسمہ سازی کو باری باری شامل کیا جاتا ہے، اگرچہ وولف فاؤنڈیشن ایک خودمختار ادارہ ہے، لیکن اس کا اسرائیل میں قائم ہونا یاسمین لاری کے انکار کا ایک اہم پہلو تھا۔

غزہ کی صورتحال

خیال رہے کہ  7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی وحشیانہ فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک 48 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شامل ہیں، گزشتہ 15 ماہ سے جاری بمباری کے نتیجے میں غزہ کے اسپتال، اسکول، اور رہائشی علاقے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ میں خوراک، بجلی اور دیگر بنیادی اشیاء کی ترسیل بھی روک رکھی ہے تاکہ جنگ بندی کے مذاکرات پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

مزید خبریں

Scroll to Top