کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10رمضان المبار ک کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم باب الاسلام بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس حوالے سے منگل کو کراچی ،حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ،جیکب آباد، میرپورخاص، ٹنڈوآدم،ٹھل اورٹھٹھہ سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسہ سیمینار، مذاکرے اور اجتماعات منعقد کئے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی وصوبائی رہنمائوں کے علاوہ ممتازعلمائے کرام،صحافیوںاور دانشوروں نے بھی خطاب کیا۔
مقررین کاکہنا تھاکہفاتح سندھ محمد بن قاسم نے ظلم و جبرکے نظام کاخاتمہ اوراسلامی حکومت قائم کرکے سندھ کو امن و آشتی عدل وانصاف کا مرکزبنایا،اسی طرح سندھ کو باب الاسلام کا شرف ملا جہاں سے پورے برصغیرمیں اسلام کی روشنی پھیل گئی سندھ کے عوام محسن سندھ غازی محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
سینئررہنما اورسابق ایم این اے اسداللہ بھٹونے سکھرمیں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یومِ باب الاسلام سندھ میں اسلامی حکومت کے قیام کا دن ہے، برصغیر کی تاریخ میں 10رمضان کی بڑی اہمیت ہے، سندھ کے لوگ مسلمان ہوئے اور اجتماعی معاشرے کی طرف پیش قدمی ہوئی۔ مسلم سپہ سالار، محمد بن قاسم ایک مظلوم بہن کی پکار پر سندھ آکر نہ صرف اس کو ظالم حکمران سے آزادی دلائی بلکہ سندھ میں ظلم وجبر اور بادشاہت کا نظام ختم کرکے اسلامی اصولوں پر مبنی پہلی اسلامی حکومت قائم کی۔ آج فلسطین سے لیکر کشمیر تک مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ بے گناہ امریکی جیل میں قید ہے۔ ہر طرح سامراجی قوتوں اور ان کے آلہ کار ٹولے نے ظلم و درندگی کا بازار گرم کر رکھا ہے، اس لیے ایک بار پھر دنیا کو محمد بن قاسم اور طارق بن زیاد، صلاح الدین ایوبی جیسے سپہ سالاروں کی ضرورت ہے جو ظالموں اور ظلم کے اس نظام کو ختم کرکے عدل وانصاف کا اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کریں۔ آج ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ 10 رمضان یوم باب الاسلام کو سرکاری سطح پر مناکر نسل نو کو سندھ کی اسلامی تایخ، سندھ کے ذریعے سے برصغیر میں اسلام کے نور کے پھیلنے اور محسن سندھ محمد بن قاسم کے کردار سے آگاہ کیا جائے۔
صوبائی امیرکاشف سعید شیخ نے شکارپور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد بن قاسم نے وادی سندھ میں راجا داھر کی قید سے مظلوم عورتوں، بچوں کو آزاد کراکے ظلم و نا انصافی کے خلاف ایک مثال قائم کی۔ محمد بن قاسم سندھ کے ہیرو اور محسن سندھ ہیں جنہوں نے نہ صرف ظلم و جبر کے دورکا خاتمہ کیا بلکہ سندھ کو باب الاسلام کا درجہ دلایا۔ اہل سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے آج ظلم و نا انصافیوں کے خاتمے، امن اور عدل و انصاف کے لیے دنیاکو محمد بن قاسم جیسی صالح قیادت کی ضرورت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مملکت اسلامیہ پاکستان جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ماہ رمضان میں وجود میں آئی اسے حقیقی معنوں میں ایک اسلامی،فلاحی اور جمہوری مملکت بنانے کے لیے جدوجہد کریں۔10رمضان المبارک، اسلامی تاریخی کا ایک اہم دن، جسے ”یوم باب الاسلام“ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس اہم اور تاریخی دن سندھ میں اسلامی جھنڈا لہرا کر پورے سندھ میں اسلامی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا۔
جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے مرکزتبلیغ اسلام حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محمد بن قاسم کی مثالی حکمرانی اور انسان دوستی کا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ جب وہ واپس جارہے تھے تو وہاں کے ہندوغیرمسلم کمیونٹی نے ان کے مجسمے بناکر ان کی پوجا کی اور اپنے مسیحا حکمران کے چلے جانے پر افسردہ تھے۔آج داہر کے پیروکاروں نے دنیا میں ظلم وجبر کی انتہا کردی ہے فلسطین سے کشمیر اورسندھ میں ڈاکوراج تک کے مظلوم لوگ آج پھر کسی محمد بن قاسم کے منتظر ہیں جو یہاں آکر داہر ی کرداروں کے حامل حکمرانوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچاکر دنیا کو امن وآشتی کا مرکز بنائے۔
میرپورخاص میں مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو،کندھ کوٹ میں نائب امیرپروفیسر نظام الدین میمن،ٹنڈوآدم میں نائب قیم مولانا عبدالقدوس احمدانی، کراچی میں نائب قیم نواب مجاہدبلوچ،جیکب آباد میں حاجی دیدارعلی لاشاری ،ٹھل میں امداداللہ بجارانی،کوٹری میں نائب قیم الطاف ملاح نے یوم باب الاسلام کے سلسلے میں منعقدہ تقاریب سے خطاب کیا۔















