کراچی: محکمہ اسکول ایجوکیشن نے رمضان المبارک کے پیش نظر سندھ بھر میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کر دی ہے۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات اب عید الفطر کے بعد 7 اپریل سے 25 اپریل تک منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ، امتحانات سے قبل اسکولوں میں پریکٹیکل امتحانات 10 مارچ سے لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میٹرک کے امتحانات 15 مارچ سے شروع ہونے تھے، تاہم رمضان المبارک کے باعث ان تاریخوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، انٹرمیڈیٹ (فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر) کے سالانہ امتحانات بھی نئے شیڈول کے مطابق 28 اپریل سے شروع ہوں گے، جو پہلے 15 اپریل کو منعقد ہونے تھے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق یہ فیصلہ رمضان المبارک میں طلبہ کی سہولت اور امتحانات کے بہتر انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔