کرم کے وفود کی بیرسٹر سیف سے ملاقات‘ تحفظات سے آگاہ کیا

52

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے کرم سے تعلق رکھنے والے وفود نے ان کے دفتر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ،ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود نے بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو اپنے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی استدعا کی اور اپنی جانب سے امن معاہدے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور امن
کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور حکومت سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی،وفد نے کہا کہ شرپسند عناصر ضلع کرم کے امن کے دشمن ہیں، حکومت پائیدار امن کے لیے شرپسند عناصر کا قلع قمع کرے، بدامنی کے باعث علاقے میں تعلیمی، تجارتی اور دیگر معاشی و سماجی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دونوں فریقین سے امن کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خلوص نیت کے ساتھ ایک صدی سے زائد پرانے تنازع کے پائیدار حل کے لیے کوشاں ہیں اور حکومت مستقل امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین شرپسند عناصر سے دور رہیں اور ان کی سرکوبی کیلئے حکومت کا ساتھ دیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شرپسند عناصر اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ہم شرپسند عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر نہ صرف ضلع کرم بلکہ پوری ریاست کے دشمن ہیں۔