مٹیاری میں پہلی مرتبہ میگا سرجیکل کیمپ کا انعقاد

66

مٹیاری(نمائندہ جسارت)ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مٹیاری میں پہلی بار میگا سرجیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کی نگرانی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام میمن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) پیر غلام حسین نے کی۔ اس کیمپ کا افتتاح سندھ اسمبلی کے رکن مخدوم فخر زمان نے ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ کے ہمراہ 13 فروری کو کیا۔ایک ہفتے تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں ڈاکٹروں نے 53 مریضوں کا معائنہ کیا، جن میں سے 30 مریضوں کو آپریشن کے لیے منتخب کیا گیا۔ 21 اور 22 فروری کو معروف سرجن ڈاکٹر ارشد ابڑو نے ڈاکٹر عادل قاضی اور ڈاکٹر ولید قاضی کے ساتھ مل کر ڈی ایچ کیو مٹیاری میں 14 مریضوں کے کامیاب آپریشن کیے، جبکہ 16 پیچیدہ کیسز کو مزید علاج کے لیے لیاقت یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان مریضوں کے تمام اخراجات ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال مٹیاری برداشت کرے گا، جبکہ LUHMS میں بھی انہی ماہر سرجنز کی ٹیم آپریشن کرے گی۔میگا سرجیکل کیمپ کی اختتامی تقریب 22 فروری کو ڈی ایچ کیو مٹیاری میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ، ڈی ایچ او پیر غلام حسین اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالسلام میمن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ کیمپ کے انتظامی امور کی قیادت ڈاکٹر اے ڈی ببر نے کی، جنہوں نے اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے اس موقع پر کہا یہ میگا سرجیکل کیمپ ضلع مٹیاری کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، جس سے مریضوں کو مفت علاج اور بہترین طبی سہولیات میسر آئیں۔ مستقبل میں ہم ایسے مزید طبی کیمپس کا انعقاد کریں گے اور عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔یہ پہلا موقع ہے کہ ضلع مٹیاری میں اس نوعیت کا میگا سرجیکل کیمپ منعقد کیا گیا، جس نے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کی ایک نئی راہ ہموار کی ہے۔