پانچ کروڑ مغل قوم میں اتحاد کاشعور بیدارہوچکا ہے، خالد ظہور بیگ

47

شہدادپور (نمائندہ جسارت) دی مغل پاکستان کے مرکزی چیئرمین خالد ظہور بیگ نے اپنے پانچ روزہ دورہ پنجاب سے واپسی پر شہدادپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آباد پانچ کروڑ مغل قوم میں اتحاد کا شعور بیدار ہو چکا ہے۔ گوجرانوالہ میں مغل فیملی کنونشن میں دس ہزار مرد و خواتین کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ مغلوں کا شاہی خون جوش مار رہا ہے۔کنونشن کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آئندہ مقامی حکومتوں اور عام انتخابات میں مغل امیدوار سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مغل قوم ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔خالد ظہور بیگ نے کہا کہ ملکی سطح پر مغل قوم کا اتحاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغل قوم اور ہر مظلوم پاکستانی کے مسائل میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغل قوم کو خود اپنی ترقی اور اتحاد کا فیصلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو مغل قوم کی ضرورت ہے۔ باشعور اور مہذب مغل قوم سماجی مساوات، مذہبی ہم آہنگی، معاشی استحکام اور قانون و انصاف کے ذریعے ملک کو پھر سے سونے کی چڑیا بنا سکتی ہے۔میٹنگ میں صوبائی صدر حاجی اصغر علی مغل، مرکزی اعزازی صدر مرزا محمد صدیق مغل اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔خالد ظہور بیگ نے بتایا کہ انہوں نے کشمیر، رحیم یار خان، خانپور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، مرید کے، کامونکی، اوکاڑہ اور وہاڑی کا دورہ کیا ہے۔ ہر جگہ ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دی مغل پاکستان اپنے منفرد ایجنڈے اور عملی جدوجہد کی وجہ سے ملک گیر سطح پر ایک ہر دلعزیز تنظیم بن چکی ہے۔