کھلے عام منشیات فروشی ، شہری پریس کلب پہنچ گئے، شدید احتجاج

50

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر ) – تھانہ ہوسڑی کی حدود میں واقع گاؤں شفیع پنجابی میں کھلے عام منشیات فروشی کے خلاف یوسی 95 کی پیپلز پارٹی کی لیڈی کاؤنسلر لطیفان کی سربراہی میں بھرپور احتجاج کیا گیا۔ احتجاج میں کاؤنسلر لطیفان پنجابی، مینا پنجابی، بشیر پنجابی، شوکت پنجابی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گاؤں میں قربان پنجابی نامی شخص کھلے عام منشیات کا دھندا چلا رہا ہے، جس کی وجہ سے آوارہ اور جرائم پیشہ عناصر رات گئے تک گاؤں میں آ کر ہلڑ بازی کرتے ہیں اور گھروں کے سامنے گالم گلوچ کرتے ہیں۔ مظاہرین نے بتایا کہ اس غیر اخلاقی اور مجرمانہ سرگرمی کے خلاف وہ ایس ایس پی حیدرآباد کو بھی تحریری شکایت دے چکے ہیں، جبکہ مقامی تھانے کو بھی کئی بار آگاہ کیا گیا ہے، لیکن حد کی پولیس اثر و رسوخ رکھنے والے قربان پنجابی کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ احتجاج کرنے والوں نے مطالبہ کیا کہ گاؤں شفیع پنجابی سے منشیات کا خاتمہ کیا جائے اور قربان پنجابی کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ دوسری جانب ڈی ایس پی ہوسڑی رحیم چانڈیو نے رابطہ کرنے پر کہا کہ علاقے میں کسی بھی صورت منشیات فروشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر واقعی گاؤں میں منشیات فروشی ہو رہی ہے تو وہ خود چھاپہ مار کر منشیات فروشوں کو گرفتار کریں گے اور سخت قانونی کارروائی کریں گے۔