کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا اور ایک زخمی سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ناظم آباد سے چھینی گئی کار ملیر سے برآمد کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سمن آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 19 میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک، اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ہلاک ملز م کی شناخت نہ ہوسکی، زخمی ملزم فرحان ولد عثمان کو تحویل میں لے لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔ ناظم آباد نمبر 3 نیٹال کالونی ندی کے قریب قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکو رضوان ولد محمد حفیظ زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔ پولیس نے پستول بمعہ گولیاں اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پاک کالونی تھانے کی حدود جہان آباد شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب مبینہ مقابلہ کے بعد 5 ملزمان نوید، شوکت، ناصر، جاسم اور زاہد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے موٹر سائیکلوں پر سوار ڈکیت گینگ کو رکنے کااشارہ کیا۔ فرار ہونے پر تعاقب کرکے حراست میں لے لیا۔ ڈاکوؤں سے 3 پستول، چھینے ہوئے 8 موبائل اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔علاوہ ازیں گزشتہ روز ناظم آباد نمبر 3 سے چھینی گئی کار کورنگیدارالعلوم کے قریب سے برآمد کرلی گئی۔، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کار ڈرائیور کو ملیر ہالٹ میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے۔ ڈرائیور نویز خان سے کار ناظم آباد نمبر 3 قصرِ شیریں قباء مسجد کے قریب سے رات 10 بجے کے قریب چھینی گئی تھی۔