کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی ہے کہ سفاری پارک کی دونوں ہتھنیوں میں ٹیوبرکلوسز (ٹی بی) کی تشخیص ہوئی ہے، ان ہتھنیوں کے علاج کیلیے سری لنکن ڈاکٹرز اور فور پاز کی ٹیموں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اب ہم کوئی بڑا جانور سفاری پارک کیلیے نہیں لا رہے بلکہ ہماری کوشش ہے کہ عام شہری، جو بڑے کلبوں کی ممبر شپ نہیں رکھتے، سفاری پارک آ کر تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں اس سال 50 نئے پارک تعمیر کیے جائیں گے اور ان منصوبوں کا افتتاح جلد شروع کیا جائے گا۔ کراچی میں 3 روزہ فیملی فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو کراچی واپس لوٹانا ہے۔ فیسٹیول میں پرندوں، درختوں اور پھول پودوں سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے جبکہ رات میں میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی والوں کی حمایت سے ہم شہر کو دوبارہ اس کی پرانی خوبصورتی میں بحال کریں گے۔