دنیا کی واحد پینٹنگ کرنے والی بھیڑ کو اغوا کر لیا گیا، جس کے بدلے 50 ہزار پاؤنڈ انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا میں واقع ایک آرٹ اسٹوڈیو سے بانکسے نامی دنیا کی واحد پینٹنگ کرنے والی بھیڑ کو اغوا کیا گیا ہے۔
بھیڑ کی 53 سالہ مالک نے اعلان کیا ہے کہ جو شخص بھی اسے واپس لائے گا، اسے 50 ہزار پاؤنڈ کا انعام دیا جائے گا۔
بانکسے اپنی نوعیت کی واحد بھیڑ ہے، جسے اس کی مالکن نے منہ سے برش پکڑ کر مصوری سکھائی۔ اس کی تخلیق کردہ ایک پینٹنگ کی قیمت تقریباً 3,500 پاؤنڈ تک پہنچ جاتی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رات کے اندھیروں میں 8 بھیڑوں کے ریوڑ سے اس منفرد بھیڑ کو اغوا کر لیا گیا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے اس کی پینٹنگ بنانے کی غیر معمولی صلاحیت کی بنا پر نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس حوالے سے بھیڑ کی مالکن نے کہا ہے کہ انعامی رقم کے اعلان کے باوجود ابھی تک بھیڑ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکیں، اور اس معاملے کی تفتیش کے لیے دو خصوصی تفتیشی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔