ملکی مسائل کا حل انتہائی آسان ہے آئین پر عمل کیا جائے: شاہد خاقان عباسی

137
rallies are made successful

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا حل انتہائی آسان ہے آئین پر عمل کیا جائے۔

میانوالی میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  پاکستان کی بقاء اور سلامتی آئین پر عمل کرنے میں ہے، اگر کسی کو آئین میں کوئی چیز پسند نہیں اس کو مل کر تبدیل کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ٹیکس دینے سے انکاری ہوتے ہیں، آج ہر کوئی سوال کرتا ہے ہمارا کیا بنے گا؟ ملک کا کیا بنے گا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آئین پر چلانے سے معاملات حل ہوں گے،  پاکستانی قوم دنیا میں سب زیادہ خیرات کرنے والی قوم ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مغربی ممالک میں غزہ کے معاملے پر بھرپور انداز میں آواز اٹھائی گئی، اگر ہمیں ملک کو آگے لے کر چلنا ہے تو انصاف کی بنیاد پر فیصلے کرنا ہوں گے۔