سمندرپار ووٹ کیس، نادرا و الیکشن کمیشن سے تحریری جواب طلب

104

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے کیس میں نادرا اور الیکشن کمیشن سے تحریری جواب مانگ لیا۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے نادرا اور الیکشن کمیشن سے تحریری جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا بتایا جائے اوورسیز کی ووٹنگ کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ نادرا اور الیکشن کمیشن 2 ہفتے میں تفصیلی جواب جمع کروائیں۔ واضح رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور شیخ رشید احمد نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے، وکیل داؤد غزنوی نے بھی عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔