کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بلدیاتی کونسلز میں گھوسٹ ملازمین کے پیش نظر سندھ بھر کی لوکل کونسلز کے تمام ملازمین کی تصدیق کا حکم دے دیا ہے۔ پی اے سی نے حیدرِآباد ڈویژن کی مختلف ٹاؤن و میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے منظور شدہ بجٹ کے علاوہ477 ملین روپے خرچ کرنے سے متعلق اینٹی کرپشن کو تحقیقات کرکے3ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت۔ سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین خرم کریم سومرو، مخدوم فخرالزمان سمیت محکمہ بلدیات کے ایڈیشنل سیکرٹری اور حیدرآباد ڈویژن کے مختلف ٹاؤن و میونسپل کمیٹیوں کے ٹاؤن افسران اور چیف میونسپل افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں حیدرآباد ڈویژن کی ٹاؤن و میو نسپل کمیٹیوں کی 2018ء 2021ء تک آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔