غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے

48

کراچی(کامرس رپورٹر) ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، برآمدات و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بہتری، مہنگائی میں کمی اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے البتہ ملکی درآمدات اور حکومتی قرضوں کا مسلسل بڑھنا، محصولات میں کمی، توانائی پیداوار کا گھٹنا بھی معاشی چیلنج ہے۔اسٹیٹ بینک، سٹاک ایکسچینج، ایف بی آر، ادارہ شماریات، نیپرا، او سی اے سی، پاما سمیت بڑے مالیاتی اداروں نے نمبرز جاری کردیئے، جنوری 2024 میں برآمدات 3 ارب 36 کروڑ ڈالرز تھیں جو اب جنوری 2025 میں 3 ارب 63 کروڑ ڈالرز ہو گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق جنوری 2024 میں ترسیلات زر 2 ارب 39 کروڑ ڈالرز تھیں جو جنوری 2025 میں 3 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی ہیں، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ایک سال قبل 13 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز خسارے سے جنوری 2025 میں بڑھ کر 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ہو گئی ہیں۔سٹاک ایکس چینج میں انڈیکس جنوری 2024 میں 61 ہزار کی نفسیاتی حد سے بڑھ کر جنوری 2025 میں 1 لاکھ 14 ہزار کی حد پار کر گیا، گاڑیوں کی فروخت ایک سال کے مقابلے میں 61 فیصد بڑھ کر 10 ہزار سے 17 ہزار یونٹس رہیں۔دوسری جانب مہنگائی کی رفتار میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جنوری 2024 میں مہنگائی 28.3 فیصد تھی اور جنوری 2025 میں مہنگائی 2.1 فیصد پر آ گئی ہے۔