سندھ میں 30 جون تک اساتذہ بھرتی کی ہدایت

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اساتذہ بھرتی مرحلے کو 30 جون تک بڑھانے، نئے اساتذہ کے ڈیٹابیس اور تنخواہوں کے مسائل حل کرنے کے علاوہ مستقل غیر حاضر اساتذہ کو نوکریوں سے برطرف کرنے اور رواں تعلیمی سال کے اختتام پر سرکاری اسکولز کے بْک بینکس میں 50 فیصد کتب کی واپسی کو یقینی بنانے اور دیگر اہم معاملات کے حوالے فیصلے کیے گئے۔ سندھ اسمبلی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والے سالانہ جائزہ اجلاس میں سیکرٹری اسکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی، محکمہ تعلیم سندھ کی ڈویڑنل اور ضلعی تعلیمی افسران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی اصلاحات کے عمل مؤثر بنانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے افسران سنجیدہ اور ایماندارانہ رویہ اختیار کریں تا کہ حکومتی پالیسیز اور اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔اجلاس میں صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے محکمہ کے تقریبا 5 ہزار کے قریب مستقل غیر حاضر اساتذہ ہیں کو 15 دن کے اندر آخری موقع دینے بعد غیر حاضری پر نوکریوں سے برطرف کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ میں اس طرح غیر سنجیدہ اساتذہ کی کوئی گنجائش نہیں ہونے چاہیے۔ اجلاس میں اساتذہ کو اسکولز میں حاضری بڑھانے، اسکولز میں درخت لگانے، ہم نصابی سرگرمیوں اور دیگر صحتمند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی گفتگو گئی گئی۔