سوئی گیس کمپنی بھی سلومیٹرکے بہانے صارفین سے پیسے بٹورنے لگی

122

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سوئی سدرن گیس بھی کے الیکٹرک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صارفین سے مختلف چارجز کے بہانے پیسے بٹورنے لگی۔ گزشتہ کئی ماہ سے صارفین کے گیس کے بل میں PUG گیس چارجز اور PUG جی ایس ٹی لگا کر بھیجا جا رہا ہے، جس کے باعث صارفین کا بل دگنا ہو جاتا ہے۔ جب اس حوالے سے سوئی سدرن گیس کے متعلقہ دفاتر سے صارف رجوع کرتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ آپ کے میٹر کم یونٹ شو کر رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے میٹر میں گڑبڑ ہے، جس کی وجہ سے یونٹ کم بن رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سوئی سدرن گیس اپنے صارفین کو 24گھنٹے میں محض چند گھنٹے ہی گیس فراہم کر تی ہے، جس کی وجہ سے لوگ گیس کا سلینڈر استعمال کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کا یونٹ کم بنتا ہے، جسے گیس کمپنی ’’چوری‘‘ کا نام دے کر بل میں PUG اور PUG ٹیکس لگا کر اسے دگنا کرکے بھیج دیتی ہے جو کہ گیس صارفین کے لیے دہرا عذاب ہے کہ ایک تو انہیں گیس بہت کم مل رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ گیس سلینڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں اوپر سے گیس کے ڈبل بل نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔