کیا آپ کے بال بھی تیزی سے گررہے ہیں؟ ممکنہ وجوہات اور حل جانیے

172

بال گرنا ایک عمومی مسئلہ ہے جو تقریباً ہر شخص کو زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے میں درپیش ہوتا ہے اور اوسطاً ہر شخص روزانہ 100 بالوں سے محروم ہوتا ہے جو کہ ایک قدرتی عمل ہے۔

دوسری جانب اگر بالوں کا گرنا معمول سے زیادہ ہو تو یہ پریشانی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ اگر آپ نے بالوں سے گرنے کی الجھن سے بچنے کے لیے دوائیں، گھریلو علاج اور دیگر تمام طریقے آزما لیے ہیں اور پھر بھی بال گرنے کا مسئلہ برقرار ہے تو اس کی کچھ ممکنہ وجوہات درج ذیل ہو سکتی ہیں:

1۔ غذائی اجزا کی کمی

بالوں کی صحت کے لیے مناسب غذائیت انتہائی ضروری ہے۔ اگر آپ کے جسم میں پروٹین، آئرن، وٹامن B12، یا وٹامن ڈی جیسے اہم غذائی اجزا کی کمی ہو تو بالوں کا گرنا بڑھ سکتا ہے۔ خاص طور پر آئرن کی کمی بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اپنی خوراک میں ان غذائی اجزا کو شامل کرنے سے بالوں کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

حل:متوازن غذا کا استعمال کریں:

پروٹین، آئرن اور وٹامنز سے بھرپور غذائیں جیسے انڈے، مچھلی، پالک، اور خشک میوہ جات کھائیں اور اگر ضرورت ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے سپلیمنٹس لیں۔

2۔ ذہنی دباؤ

ذہنی دباؤ بالوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ مسلسل تناؤ کے دوران بالوں کے گرنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے، کیونکہ تناؤ کے ہارمونز بالوں کے فولیکلز کو غیرفعال کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، شدید ذہنی دباؤ کے بعد بالوں کے گرنے کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

حل:تناؤ کو کم کرنے کے لیے یوگا، مراقبہ یا ورزش کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔نیند کا خیال رکھیں اور کم از کم 7-8 گھنٹے کی پرسکون نیند لیں۔ اگر تناؤ بہت زیادہ ہو تو ماہر نفسیات سے مشورہ کریں۔

3۔ ادویات کے مضر اثرات

کچھ ادویات کے مضر اثرات کے نتیجے میں بال گرنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔ خون پتلا کرنے والی ادویات، وٹامن اے سے بھرپور مہاسوں کی دوائیں، انابولک اسٹیرائڈز، اور ڈپریشن، گٹھیا یا ہائی بلڈ پریشر کی دوائیں بالوں کے گرنے کی وجہ بن سکتی ہیں۔

حل:اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی دوائیں بال گرنے کا سبب بن رہی ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں اور دوائیں تبدیل کرنے یا ان کی مقدار میں کمی کی جا سکتی ہے۔

4۔ جینیاتی عوامل

بالوں کا گرنا جینیاتی بھی ہو سکتا ہے۔ اگر خاندان میں بالوں کے گرنے کی تاریخ ہو تو یہ مسئلہ آپ کو بھی درپیش ہو سکتا ہے۔ مردوں میں یہ مسئلہ گنجا پن کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے جب کہ خواتین میں بال پتلے ہو کر گرتے ہیں۔

حل:جینیاتی بال گرنے کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔بالوں کے گرنے کو کم کرنے کے لیے مخصوص ادویات یا علاج جیسے مائنوکسڈیل یا فائناسٹرائڈ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

5۔ بالوں کی دیکھ بھال میں غلطیاں

بالوں کو بار بار رنگنا، سٹریٹن کرنایا گرم ٹولز کا استعمال بالوں کو کمزور کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، بالوں کو زیادہ کھینچنا یا تنگ ہیئر اسٹائلز بھی بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتا ہے۔

حل:بالوں کو قدرتی حالت میں رہنے دیں۔

گرم ٹولز کا کم استعمال کریں

بالوں کو نرمی سے سنوارنے والے ہیئر اسٹائلز اپنائیں۔