صرف چیمپئز ٹرافی میں شرکت کرنے نہیں بلکہ فائنل جیتنے کے لیے آئے ہیں: حشمت اللہ شاہدی

167

افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ ہم یہاں صرف چیمپئز ٹرافی میں شرکت کرنے نہیں آئے بلکہ فائنل جیتنے کے لیے آئے ہیں اور پاکستان میں افغانستان ٹیم کے بے شمار چاہنے والے ہیں جو کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ ہم صرف گراؤنڈ کے اندر چیزوں کو کنٹرول کرتے ہیں، پاکستان کی کنڈیشنز افغانستان کرکٹ ٹیم  کے لیے آئیڈیل ہیں، افغانستان کرکٹ ٹیم نے پچھلے دو سالوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کرکٹ کے لیے گراؤنڈز، اکیڈمیاں، ہائی پرفارمنس سینٹرز سمیت تمام ضروری سہولتیں موجود ہیں، افغانستان کی ٹیم بڑے ٹورنامنٹ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، دو ورلڈ کپ میں بھی افغانستان ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے، حالانکہ بدقسمتی سے ہم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

حشمت اللہ شاہدی نے مزید کہا کہ ہمیں خود پر اعتماد ہے اور ہم کسی دباؤ میں نہیں ہیں، ہم نے حال ہی میں شارجہ میں جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقا اور افغانستان  کے درمیان کھیلا جائے گا۔