کسانوں کو جدید زراعت کی طرف منتقل کرنے کیلیے فارمرز ڈے منایاگیا

56

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت )کاشتکاروں اور ہاریوں کو جدید زراعت کی طرف منتقل ہونے، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور جدید زرعی معلومات و طریقوں سے روشناس کرانے کے لیے نیو کلیئر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر ٹنڈوجام میں فارمرز ڈے منایا گیا اس موقع پر سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں، ہاریوں اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد نے شرکت کی تقریب میں میمبر (سائنس) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر مسعود اقبال، وائیس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام ڈاکٹر الطاف سیال، زاہد مختار، کاشتکار رہنما سید ندیم شاہ، ڈی جی ایگریکلچر ریسرچ ڈاکٹر مظہرالدین کیریو، ڈی جی زرعی توسیع محکمہ منیر احمد جمانی، چیمبر آف کامرس کے جنرل سیکرٹری نبی بخش سٹھیو اور دیگر نے شرکت کی اس موقعے پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سندھ کی زراعت، فصلوں کی مناسب قیمتوں اور جدید پیداواری صلاحیتوں کے فروغ پر گفتگو کی۔ ڈائریکٹر نیو کلیئر انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچر ٹنڈوجام ڈاکٹر محبوب سیال نے کہا کہ فارمرز ڈے منانے کا بنیادی مقصد کاشتکاروں کو جدید زرعی پیداوار، پیداواری صلاحیت میں اضافی پانی کی بچت موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور دیگر زرعی امور سے آگاہ کرنا ہے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث فصلوں کو شدید نقصان پہنچاہے اور یہ ایک عالمی مسئلہ ہے ۔