حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جمیعت علما ء اسلام سندھ کی اپیل پر سندھ کے دیگر شہروں کی طرح حیدرآباد میں بھی بڑھتی ہوئی بدامنی اور دریا سندھ سے کنالیں نکالنے کے خلاف صوبائی رہنما مولانا تاج محمد ناہیوں اور دیگر رہنمائوں کی قیادت میں حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا تاج محمد ناہیوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے امن و امان کو تباہ کر دیا گیا ہے، سندھ سے ہر دن لوگ اغوا ء ہو رہے ہیں جبکہ لوٹ مار کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے لیکن سندھ حکومت سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پہلے ہی پانی کی قلت موجود ہے اس پر مزید دریائے سندھ سے چھ کنالیں نکال کر پنجاب کی بنجرزمینوں کو آباد کرنے کے لیے سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن ہم ایسے کسی بھی سندھ دشمن منصوبے کو قبول نہیں کریں گے اور سندھ کے حقوق کے لیے ہماری مزاحمت جاری رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنا کر دریائے سندھ سے کنالیں نکالنے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے۔