محراب پور(جسارت نیوز)سیاہ کاری الزام پر ایک اور حوا کی بیٹی قربان، کارو کاری الزام کے تحت مبینہ قتل کا واقعہ بھریا روڈ پولیس تھانہ کی حدود گاؤں اللہ جڑیو راجپر میں پیش آیا جہاں بھائی نے سیاہ کاری (کاروکاری) کا الزام لگا کر اپنی شادی شدہ بہن مسمات علیشا کو قتل کر دیا، پولیس کے مطابق ملزم فرار ہو گیا ہے، جائے واردات پر پہنچ کر پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔ دوسری جانب ٹریفک حادثہ، نوجوان جاں بحق ہوگیا، حادثے کورائی پولیس تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر دوسرا میل اسٹاپ پر پیش آیا جہاں ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان سہنو زرداری جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا حوالے کرکے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔نوشہرو فیروز انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنما غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی دو لاکھ مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے۔ یاد رہے کہ 8 فروری 2024ء کو منعقد انتخابات میں حلقہ این اے 206 نوشہرو فیروز 2 کے پولنگ اسٹیشن علی بخش سولنگی میں دو فریقین کے درمیان تصادم اور فائرنگ میں جاں بحق بلاول زرداری مقدمہ قتل میں جی ڈی اے رہنما غلام مرتضیٰ خان جتوئی ملزم نامزد ہوئے تھے اورانہیں انسداد دہشت گردی نوشہرو فیروز کی عدالت میں ایک شنوائی سے غیر حاضر ہونے پر جاری کردہ (این بی ڈبیلو) وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا،ان کے وکیل گلزار عالمانی،عبداللہ خان کورائی کے مطابق لاڑکانہ ضلع کے دو پولیس تھانوں ڈوکری اور باڈھ میں داخل 2 مزید مقدمات میں ضمانت کیلیے وکلا کی ٹیم لاڑکانہ میں موجود ہے۔