جیکب آباد میں سپیکو کا8 گھنٹے کاطویل شٹ ڈائون

58

جیکب آباد(نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں سیپکو کا گھنٹوں کا شٹ ڈائون ،شہر کے16فیڈر پر 8گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہی ،گرڈ انچارج اور ایل ایس کی ملی بھگت سے بجلی کی دوگھنٹے اضافی لوڈشیڈنگ کی گئی ،صارفین کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آبادسیپکو کی جانب سے جمعرات کے روز شہر کے 16فیڈر پر 132کے وی کی لائن پر جمپر ٹائٹ اور ڈسک صاف کرنے کے نام پر 6 گھنٹے شٹ ڈائون کیا گیا جبکہ شہریوں کو 8گھنٹے بجلی سے محروم رکھا گیا ،شٹ ڈائون 6گھنٹے کرنے کے باوجود مزید دو گھنٹے یعنی 8گھنٹے شہر کو بجلی کی فراہمی سے گرڈ انچارج کی جانب سے معطل رہی ۔رواں ماہ فروری میں اب تک سیپکو کی جانب سے تین شٹ ڈائون کئے جاچکے ہیں اس سے قبل 11فروری کو بھی جمپر ٹائٹ اور ڈسک انسلیٹر کی صفائی کے بہانے 6گھنٹے شہر کو بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی پھر 18فرور ی کو سالانہ مرمت کے نام پر ایکسپریس مددپور ،اسپتال ،شہباز اور واٹر سپلائی پر6 گھنٹے شٹ ڈائون کیا گیا۔ صارفین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شٹ ڈائون کی منظوری 6گھنٹے دی گئی لیکن گرڈ انچارج نے جیکب آباد شہر کو 8گھنٹے تک بجلی کی فراہمی نہ کی جو کہ زیادتی ہے مسلسل بجلی کی بندش کے باوجود لوڈشیڈنگ الگ سے کی جارہی ہے اس میں پی ڈی سی سکھر صارفین کو کوئی ریلیف نہیں دیتا یہ کہاں کا انصاف ہے سیپکو عملے کی غفلت اور بجلی چوری کی سزا بل دینے والے صارفین کو بلاجواز غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ سے دینا ناانصافی ہے وزیر پانی و بجلی ،چیئرمین نیپرا اور چیف سیپکو نوٹس لیں۔