ڈھاکا (اے پی پی) بنگلادیش کے طالب علم رہنما سرجیس عالم نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ صرف اپنے کارکنوں کو نوازنے کی سیاست پر عوامی مفاد کو ترجیح دیں۔ ڈھاکا ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق جاتیہ ناگرک کمیٹی کے چیف آرگنائزر ’’جنہوں نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت میں طلبہ تحریک کی قیادت کی تھی‘‘ نے جمعرات کو موتی جھیل آئیڈیل اسکول اینڈ کالج میں فیسٹیول آف یوتھ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عام
طور پر سیاسی جماعتوں کی قیادت انتخابات کیلیے اپنے امیدوار نامزد کرتے وقت اکثر ذاتی وابستگیوں کو قومی فلاح پر ترجیح دیتی ہے۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت کو اب اس رجحا ن کو بدلنا چاہیے اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو ٹکٹ دینے کے بجائے ان افراد کو امیدوار نامزد کرنا چاہیے جو عوامی مفاد کیلیے کام کریں۔ انہوں نے عوامی لیگ کے اقتدار کے خاتمے کے 6 ماہ بعد بھی ملک میں اصلاحات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فعال عوامی حمایت کے بغیر کوئی عبوری حکومت اور نہ ہی کوئی منتخب انتظامیہ اکیلے تبدیلیاں نہیں لا سکتی۔ انہو ں نے خبردار کیا کہ آئندہ ملک میں کسی نے بھی فاشسٹ رویہ اختیار کیا تو طلبہ اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔