
کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت بنو قابل فارما سسٹ پروگرام 2.0کے تحت ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کامقامی بینکویٹ میں اہتمام کیا گیا ،جس میں بڑی تعداد میں فارمیسی کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی ،اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ الخد مت فارمیسی کے طلبہ وطالبات کو شعبے میں مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے ۔اسی لیے الخدمت فارمیسی سروسز کے کی جانب سے فارمیسی کے پاس آؤٹ اور موجودہ
طلبہ کے لیے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔الخدمت دیانت داری کے ساتھ خدمات انجام دے رہی ہے۔ الخدمت جہاں زندگی کے دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے ،وہیں تعلیم اس کا اہم شعبہ ہے ۔ فارمیسی کے طلبہ کو آگے بڑھانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کا آئی ٹی پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد اور بڑا پروگرام ہے جس میں ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم دی جا رہی ہے ۔اس موقع پرعبد الطیف شیخ صدر پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارما سسٹ، ڈائریکٹرالخدمت فارمیسی سروسز سیدجمشید احمد نے بھی خطاب کیاجبکہ ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ود یگر ذمے داران موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ آئی ٹی کا پروگرام ہویا بنو قابل فارما سسٹ کا الخدمت نے نوجوانوں کا ہاتھ تھام لیا ہے ۔الخدمت نوجوانوں کو آگے بڑھانا چاہتی ہے ،منعم ظفر خان نے کہا کہ جو کام ریاست کے کرنے کے ہیں وہ این جی اوز کررہی ہیں ۔این جی اوز کے پاس اتنا بجٹ نہیں ہوتا کہ بڑے پیمانے پر کام کرسکیں ۔حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے ۔نوجوان ،ڈاکٹر زاورانجینئر مایوس ہو کر ملک چھوڑ کر با ہر جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کومواقع دیے جائیں تاکہ وہ چیلنجز سے نمٹ سکیں اس ملک کا اثاثہ بن سکیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔انہوںنے فارما سسٹ سے کہا کہ آپ نے جس راستے کا انتخاب کیا ،اس میں خوب سے خوب تر کی تلاش کیجیے اور آگے بڑھیے ۔عبد الطیف شیخ صدر پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارما سسٹ نے کہا کہ یہ الخدمت کی زبردست کاوش ہے کہ الخدمت فارما سسٹ میں بہترین صلاحیت پیدا کر کے انہیں آگے بڑھانا چاہتی ہے ،معاشرے کو اچھے اور قابل فارما سسٹ کی ضرورت ہے ۔ ڈائریکٹرالخدمت فارمیسی سروسز سیدجمشید احمد نے کہا کہ بنو قابل فارما سسٹ فارمیسی کے طلبہ وطالبات کے لیے ایک اہم پروگرام ہے ،وہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں ۔الخدمت ان فارماسسٹ کو بہترین تربیت دے کر آگے بڑھانا چاہتی ہے تاکہ یہ عملی میدان میں ملک وقوم کی خدمت کرسکیں ۔